ممبئی:بالی ووڈ اداکار ابھے دیول کا کہنا ہے کہ انہوں نے جان بوجھ کر یا پلاننگ کے تحت فلموں سے بریک نہیں لیا ہے ۔
ابھے دیول کی کافی عرصہ بعد فلم ”ہیپی بھاگ جائے گی” ریلیز ہورہی ہے ان کی آخری فلم 2014 میں ” ون بائے ٹو” آئی تھی۔ وہ فلموں کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کر کرتے ہیں۔ فلموں میں بریک لینے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا “اب مجھے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ آخر میں نے بریک لیا ہی کیوں۔ میں نے جان بوجھ کر یا پلاننگ کر کے تو بریک نہیں لیا تھا۔ اس کی کئی وجوہات تھیں میں تھوڑا سا چوزي بھی ہوں اور کمپٹیٹو بھی نہیں ہوں۔ فلموں سے پیسہ کمانا میرا موٹو کبھی نہیں رہا ہے ، اور نہ ہی میں کردار کے ساتھ کسی قسم کا تجربہ کرنے میں یقین رکھتا ہوں۔
انہوں نے کہا “فلم ”ہیپی بھاگ جائے گی” میں میں نے پاکستانی کا کردار نبھایا ہے میں نے بہت پہلے اردو پڑھی تھی۔اس وقت میری عمر 18 برس تھی وہ پڑھائی میرے اب کام آ رہی ہے ۔ میں جب چھوٹا تھا تو ہمارے خاندان میں ایسا ہی ماحول تھا کہ ہمیں گھڑسواری ، اردو وغیرہ سیکھنی ہوتی تھی۔ ڈانس کلاس میں بھی جانا ہوتا تھا، لیکن مجھے کبھی بھی اس میں دلچسپی نہیں تھی لیکن اب یہی سب اس کردار کے لئے بہت کام آیا ہے ۔ اس فلم میں میں نے بلال کا کردار ادا کیا ہے جو میری ذاتی زندگی سے کافی میل کھاتا ہے اسی لئے میں نے اس فلم کے لئے ہاں کہہ دیا تھا۔