چنئی : چنئی میں نوٹ بندی کے درمیان لاکھوں کروڑوں کے نئے نوٹ پکڑے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ انکم ٹیکس نے چنئی میں چھاپہ ماری کرکے 24 کروڑ روپے ضبط کئے ہیں اور یہ تمام 2000 کے نئے نوٹوں میں ہیں۔ آئی ٹی نے ویلور کے پاس چھاپہ ماری میں اتنی بڑی رقم برآمد کی ہے۔
خیال رہے کہ یہ رقم اس 106 کروڑ روپے کی رقم سے الگ ہے ، جو آئی ٹی نے دو دن پہلے ہی چھاپہ ماری کرکے ضبط کی تھی ۔ یہ معاملہ اب سی بی آئی اور ای ڈی کے سامنے بھی اٹھایا گیا ہے۔ آئی ٹی محکمہ دونوں ایجنسیوں کی مدد سے یہ معلوم کرنے کی کوشش کررہا ہے کہ آخر کس طریقہ سے بینکنگ سسٹم سے کروڑوں روپے باہر آ گئے۔
خیال رہے کہ چنئی میں جمعرات کو محکمہ انکم ٹیکس نے آٹھ جگہوں پر چھاپہ مارا تھا۔ اس میں برآمد نقد رقم اور سونا دیکھ کر انکم ٹیکس حکام بھی حیران رہ گئے تھے ۔ ٹیم نے اس چھاپے ماری میں کل 106 کروڑ روپے برآمد کئے تھے۔ اس میں سے 96 کروڑ پرانی کرنسی تو 10 کروڑ نئے دو ہزار کے نوٹ بھی شامل تھے۔ ٹیم نے یہاں سے 127 کلو سونا بھی برآمد کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ 8 نومبر کو نوٹ بندي کے بعد سے ہی بھاری مقدار میں روپے برآمد ہو رہے ہیں ، جو نئے نوٹوں کی شکل میں ہیں۔ ایک طرف جہاں بینکوں کے باہر لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں اور بینک روپے نہ ہونے کی بات کہہ رہے ہیں، وہیں دوسری طرف کروڑوں روپے کی نئی کرنسی برآمد ہونے سے بینکنگ سسٹم سوالات کے گھیرے میں ہے۔