دربھنگہ : بہار کے دربھنگہ میں شوبھاياترا نکالنے کو لے کر تنازعہ نے شدت اختیار کرلیا ہے ۔ ضلع کے بهیڑا تھانہ علاقہ کے هاوی بھواڈ گاؤں میں دو فریقوں کے درمیان جم کر ہوئی پتھر بازی میں تقریبا نصف درجن افراد زخمی ہو گئے۔ اس سلسلہ میں اب تک 25 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ علاقہ میں کثیر تعداد میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
مشتعل ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس کو لاٹھی چارج کا سہارا لینا پڑا۔ لاٹھی چارج کے خلاف مشتعل لوگوں نے پولیس اہلکاروں پر بھی پتھراو کیا، جس میں کئی پولیس اہلکاروں کے زخمی ہو نے کی خبر ہے۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کے لئے آنسو گیس کے گولے بھی داغے ۔
حالات کی کشیدگی کے پیش نظر ضلع افسر ڈچندرشیكھر سنگھ، ایس ایس پی ستیہ ویر سنگھ، بینی پور کے ڈی ایس پی انجنی کمار بھاری تعداد میں پولیس فورس کے ساتھ علاقہ میں خیمہ زن ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ ہفتہ کی شام کو اس وقت پیش آیا جب احیا پور گاؤں میں شوبھاياترا نکالنے کو لے کر کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ ضلع افسر ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ کے مطابق بهیڑا تھانے کے هاوی بھواڑ گاؤں کے احياپور ٹولا میں صورتحال کنٹرول میں ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے 25 افراد کو گرفتار کیا ہے۔