حیدرآباد : حیدرآباد میں فرقہ وارانہ ماحول بگاڑنے کی کوشش میں دو مذہبی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی جیت کے بالکل بعد شہر میں فرقہ وارانہ ماحول بگاڑنے کے دو واقعات پیش آئے ۔ انتخابات کے نتائج کا اعلان کرنے کے 24 گھنٹوں کے اندر اندر سماج دشمن عناصر نے دو مذہبی مقامات کو نشانہ بنایا۔
ہندی سیاست ڈاٹ کام کی ایک خبر کے مطابق پہلے سلیم نگر کالونی میں واقع ایک چرچ میں بت رکھ دیا گیا ۔ چرچ کے ذمہ داروں نے اس بابت چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے ۔ ذمہ داران کے مطابق بروقت پولیس کو مطلع کرنے کے باوجود انہوں نے کوئی مناسب کارروائی نہیں کی ۔ دوسرا واقعہ حمایت ساگر کے نزدیک پیش آیا ، جہاں ایک مسجد کی دیواروں پر جئے شری رام نعرے لکھ دئے گَئے ۔
اس واقعہ کے بعد مقامی مسلمان میں خوف کا ماحول ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ ہولی کا بہانہ بناتے ہوئے پولیس اس معاملہ میں بھی کارروائی کرنے سے کترا رہی ہے۔ یہ دونوں واقعات عکاسی کررہے ہیں کہ کچھ شرارتی عناصر حیدرآباد کے پرامن ماحول کو بگاڑنا چاہتے ہیں ۔