منیش سسودیا کا ماحولیات کے سکریٹری کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
نئی دہلی : دہلی میں چینی مانجھے سے 3 لوگوں کی موت کے بعد ایک بار پھر دہلی حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر کے درمیان جنگ شروع ہو گئی ہے۔ نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے ٹویٹ کر کے کہا ہے کہ چینی مانجھے پر روک کے نوٹیفکیشن پر 9 اگست کو ہی دستخط کر دیا گیا تھا ، لیکن اس کے جاری کرنے میں ماحولیات کے سکریٹری نے تاخیر کی۔ دہلی حکومت نے سکریٹری کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ چینی مانجھے پر پابندی کے نوٹیفکیشن کو ایل جی نجیب جنگ نے 9 اگست کو منظوری دے دی تھی اور 9 اگست کو ہی یہ فائل دہلی حکومت کے پاس آئی تھی۔ دہلی حکومت کا کہنا ہے کہ اسی دن دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور وزیر ماحولیات عمران حسین نے اس فائل کو آگے بڑھا دیا تھا۔ لیکن ماحولیات کے سکریٹری نے اس پر دستخط کرنے میں 7 دن کا وقت لگادیا۔
خیال رہے کہ قومی دارالحکومت میں چینی مانجھا سے دو بچوں اور ایک نوجوان کی دردناک موت کے ایک دن بعد دہلی حکومت نے چینی مانجھا کی فروخت، پیداوار اور اسٹوریج پر روک لگا دی ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی پر پانچ سال تک قید کی سزا یا ایک لاکھ روپے تک کا جرمانہ یا دونوں کا بندوبست ہوگا۔