ٹورنٹو : کینیڈا کی نیشنل پولیس فورس نے حال ہی میں ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے اپنی خاتون افسران کو حجاب پہننے کی اجازت دیدی ہے۔ پبلک سیفٹی کے وزیر رالف گڈلے کے ترجمان کے مطابق رائل کینیڈین ماؤنٹیڈ پولیس کمشنر نے حال ہی میں اس پالیسی میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس کے پیچھے مقصد کنیڈا کے تنوع کو ظاہر کرنا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ زیادہ تعداد میں مسلم خواتین کو سیکورٹی فورسز میں کیریئر بنانے کے لئے بھی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ رائل کینیڈین ماؤنٹیڈ پولیس کی ترجمان جولی کے مطابق مسلم خاتون افسران کو حجاب پہننے کا آپشن دینا دراصل اس میں موجود تنوع کو ظاہر کرتا ہے۔ تاہم یہ ابھی واضح نہیں ہے کہ ماونٹيز میں کتنے مسلم افسران ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ٹورنٹو اور ایڈمنٹن شہروں سمیت برطانیہ، سویڈن اور ناروے کے ساتھ ساتھ کچھ امریکی ریاستوں نے بھی ایسی ہی پالیسیاں اختیار کی ہیں۔