نئی دہلی۔ حوثیوں کے ڈریعے گزشتہ جمعہ کی شب کو مکہ المکرمہ پر میزائل داغنے کی مذموم حرکت کی جسے سعودی فوج کے دفاعی نظام نے کچھ کلو میٹر دورہی تباہ کردیا۔ تباہ کرکے حوثیوں کی اس کوشش کو ناکام بنادیا۔ شاہی امام سید احمد بخاری نے حوثیوں کی اس حرکت کو دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کی سازش قراردیتے ہوئے کہا کہ حوثیوں اور ان کو مدد پہنچانے والوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا وقت آگیا ہے۔ مولانا بخاری نےآج یہاں جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ایسامجرمانہ عمل وہی کرسکتے ہیں جن کے دلوں میں خوف خدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس سازش میں انہی طاقتوں کا ہاتھ ہے جویمن میں سورش پھیلانے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کو بھی نشانہ بنانے کی سازشوں میں مسلسل مصروف ہیں اور بیت اللہ کو نشانہ بنانے والا کوئی بھی گروہ کسی بھی طرح قابل معافی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کعبۃ اللہ اور مکہ امن کا شہر ہے جس کا دنیا کے مسلمانوں کے ساتھ جذباتی تعلق ہے۔ اس مقدس ترین سرزمین کو نشانہ بنانے والے اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔ مولانا بخاری نے کہاکہ ان دشمنان اسلام نے اگراپنی ریشہ دوانیاں ختم نہ کیں تو اسلامی ممالک کو متحدہ حکمت عملی بنا کر ان کے خلاف فیصلہ کن قدم اٹھانا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں مسلمانان ہند کی مکمل حمایت اور ہمددریاں حکومت سعودی عرب کے ساتھ ہیں۔ خیال رہے کہ حوثیوں باغیوں کے ذریعہ مکہ المکرمہ کومیزائل کے ذریعہ نشانہ بنائے جانے کی کوشش کے خلاف پوری دنیا کے مسلمانوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے سنگین جرم قرار دیا ہے۔