برازیل کے سٹیڈیم میں شائقین کی بڑی تعداد ہوائی جہاز کے حادثے میں ہلاک ہونے والے فٹبال کلب کے کھلاڑیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے جمع ہے۔
حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لاشوں کو کولمبیا سے برازیل لایا گیا۔ پیر کو کولمبیا کے شہر میڈیلن کے قریب ہونے والے اس حادثے میں کھلاڑیوں سمیت 71 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ چھ افراد زندہ بچ گئے تھے۔
جہاز کے حادثے کی وجہ تو معلوم نہیں ہو سکی لیکن دورانِ پرواز کولمبیا کےمیڈیلن شہر کے قریب پائلٹ کی جانب سے فنی خرابی کا بتایا گیا تھا جس کے بعد اس کا کنٹرول ٹاورز سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے سے قبل جہاز میں ایندھن ختم ہو گیا تھا۔ اس حادثے ہلاک ہونے والے افراد کی میتیوں کو سٹیڈیم لایا گیا۔جنھیں خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے برازیل کے صدر بھی سٹیڈیم میں موجود ہیں۔ شدید بارش کے باوجود بھی شائقین کی بڑی تعداد سٹیڈیم میں موجود تھی۔
سٹیڈیم کے باہر کی دیوار پر کالے بینر آویزاں ہیں اور باہر ایک بڑی سکرین بھی نصب کی گئی ہے جس پر اندر کے مناظر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔ سٹیڈیم میں موجود شائقین نے برازیل اور کولمبیا کے جھنڈوں کے ساتھ ساتھ اپنی کلب کے جھنڈے بھی اُٹھا رکھے ہیں۔
برازیلی فٹبال کلب چپیکونس کولمبیا کے کلب اٹلیٹکو نیسنل سے میچ کھیلنے کے لیے جار رہا تھا۔ دونوں ٹیموں کو کولمبیا کے شہر میڈیلن میں کوپا سڈامریکانا کا فائنل میچ کھیلنا تھا۔ فٹبال کلب چپیکونسن کی تاریخ میں اسے سب سے بڑا مقابلہ قرار دیا جارہا تھا۔
ہوائی جہاز کے حادثے میں وینزویلا، پیراگوائے سمیت برازیل سے تعلق رکھنے والے 64 افراد ہلاک ہوئے جبکہ جہاز میں کلب کا عملہ اور میچ کی رپورٹنگ کے لیے جانے والے صحافی بھی سوار تھے۔ ہلاک ہونے والے 18 کھلاڑیوں کا تعلق چپیکونس کلب سے تھا۔ ہلاک ہونے والے کھلاڑیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ہفتے کے اختتام پر ہونے والے ہر میچ سے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔