نئی دہلی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے 17 اور گوا اسمبلی انتخابات کے لیے 29 امیدواروں کی پہلی فہرست آج یہاں جاری کر دی۔ پارٹی نے امرتسر لوک سبھا سیٹ کے ضمنی انتخابات اور اتر پردیش کی تین قانون ساز کونسل نشستوں کے لیے بھی امیدوار وں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی وزیر اور بی جے پی مرکزی الیکشن کمیٹی کے سیکرٹری جگت پرکاش نڈا نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ فہرست جاری کرتے ہوئے بتا یا کہ مرکزی الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں ان ناموں کو حتمی شکل دی گئی۔ کل دیر شام ہونیوالی اس میٹنگ میں پارٹی صدر امت شاہ، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور دیگر سینئر رہنما موجود تھے۔ مسٹر نڈا نے بتایا کہ پنجاب اور گوا میں امیدواروں کے انتخاب میں تمام حصوں کو مناسب نمائندگی دینے کی کوشش کی گئی ہے ۔
بی جے پی پنجاب میں اپنے پرانے ساتھی شرومنی اکالی دل کے ساتھ اتحاد میں انتخابات لڑ رہی ہے اور کل 117 سیٹوں میں سے اسے 23 سیٹیں دی گئی ہیں۔ بی جے پی یہاں شرومنی اکالی دل کے ساتھ حکومت میں شریک ہے۔ گوا میں بی جے پی برسر اقتدار ہے اور وہاں کی تمام 40 سیٹوں پر وہ الیکشن لڑ رہی ہے۔ پنجاب میں بی جے پی نے جن 17 امیدواروں کا اعلان کیا ہے اس میں چھ موجودہ ممبر اسمبلی بھی شامل ہیں۔ جبکہ گوا میں اعلان کردہ 29 امیدواروں میں 18 ممبران اسمبلی کو دوبارہ ٹکٹ دیا گیا ہے اور ایک رکن اسمبلی کو خراب صحت کی بنیاد پر ٹکٹ نہ دے کر نئے امیدوار کو منتخب کیا گیا ہے۔
بی جے پی کے پنجاب میں 17، گوا میں 29 امیدواروں کا اعلان، یہ ہے پوری فہرست
پنجاب کی امرتسر لوک سبھا سیٹ کے انتخابات کے لیے ڈاکٹر سردار راجندر موہن چینا کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ پنجاب اسمبلی امیدواروں کی فہرست مندرجہ ذیل ہے۔
دنیش سنگھ ببو (ایم ایل اے) سجانپور، محترمہ سیما کماری (ایم ایل اے) بھوا (ریزرو)، اشونی شرما (ایم ایل اے) پٹھان کوٹ، وی ڈی دھوپڑ دينانگر (ریزرو)، راکیش گل امرتسر مغرب (ریزرو)، ترون چگھ امرتسر وسط، راجیش ہنی امرتسر مشرق، کے ڈی بھنڈاری (ایم ایل اے) جالندھر شمال، ارونیش شکر مکریاں، سكھجيت کور ساہی (ایم ایل اے) دسوا، تيكشن سود ہوشیارپور، گرودیو شرما دیوی لدھیانہ وسط، کمل چیٹلي لدھیانہ مغرب، پروین بنسل لدھیانہ شمال، سكھلال سنگھ ننو فیروز پورصدر، ارون نارنگ ابوهر، هرجيت سنگھ گریوال راج پورا۔