بنکی : اعظم خان کے ہیلی کاپٹر کو بارہ بنکی کے قریب کھیت میں ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی۔ جس میں وہ بال بال بچ گئے۔ اتر پردیش کے بارہ بنکی میں سماج وادی پارٹی کے قدآور لیڈر اعظم خان کو لے کر جا رہاایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے بال بال بچ گیا۔ پرواز کے درمیان میں ہی پائلٹ کو تکنیکی خرابی کا پتہ چلا۔ آنا فانا میں اس نے ہیلی کاپٹر کی کھیت میں ایمرجنسی لینڈنگ کرائی ۔
ذرائع سے ملی معلومات کے مطابق ہیلی کاپٹر میں آئی تکنیکی خرابی کو بھانپتے ہوئے پائلٹ نے بارہ بنکی اور رام نگر کے درمیان میں جهانگيرآباد کے كرند گاؤں کے ایک کھیت میں ایمرجنسی لینڈنگ کرائی۔ واقعہ کے وقت ہیلی کاپٹر میں اعظم خان اور شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین وسیم رضوی موجود تھے۔ تاہم دونوں ہی لیڈر مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ تاہم ہیلی کاپٹر میں کیا خرابی آئی تھی ، اس کے بارے میں ابھی مکمل معلومات نہیں مل سکی ہے۔ لیکن جیسے ہی ہیلی کاپٹر کی ایمرجنسی لینڈنگ کی خبر آئی ، انتظامیہ میں افراتفری مچ گئی ۔