حیدر آباد۔ اودھ واریرس کے ہاتھوں حیدر آباد ہنٹرس کی کراری شکست ہوئی ہے۔ پریمیر بیڈمنٹن لیگ(پی بی ایل) کے تیسرےمیچ میں اودھ واریرس نے ایک طرفہ طریقے سے حیدر آباد ہنٹرس کو 5-0سے شکست دے دی۔ اودھ واریرس کی آئیکن کھلاڑی سائنا نہوال کو حالانکہ عالمی اور اولمپک چیمپین اسپین کی کیرولینا مارن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن باقی کھلاڑیوں کو اپنے مد مقابل کو شکست دینے میں خاص دشواری نہیں ہوئی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا مقابلہ مردوں کے سنگلس میں ونسینٹ وونگ ونگ اور سائیں پرنیت کے درمیان ہوا۔ اس مقابلہ میں وانگ نے پرنیت کو 11-13،11-6اور 13-11سے شکست دے کر اپنی ٹیم کو سبقت دلا دی۔ اس کے بعد خاتون سنگلس میں سائنا کا مقابلہ مارن سے ہوا جس میں مارن نے سائنا کو شکست دے کر اسکور 1-1کر دیا۔ سائنا نے پہلےگیم میں مارن کے سامنے سخت مقابلہ پیش کیا اور ایک وقت دونوں کا اسکور14-14تھا لیکن اگلا پوائنٹ مارن نے جیت کر پہلا گیم اپنے نام کر لیا۔ دوسرے گیم میں مارن نے سائنا کو جد و جہد کا موقع بھی نہیں دیا اور عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسانی سے دوسرا گیم اور میچ اپنے نام کر لیا۔
تیسرا میچ اودھ واریرس کا ٹرمپ میچ تھا ۔ یہ مقابلہ واریرس کی ساوتریامرت پائی و بوڈن ازارا اور ہنٹرس کی جوڑی چائو ہوئی واہ اور ساتوک سائی راج کے درمیان ہوا واریس کی جوڑی نے اس میچ میں ہنٹرس کی جوڑی کو 11-9اور12-10سے شکست دے کر دوپوائنٹ حاصل کئے ہنٹرس پر 3-1کی سبقت حاصل کر لی۔ چوتھا مقابلہ واریسر کے کدامبی شری کانت اور ہنٹرس کے راجیو اوسیف میں ہوا تین گیم تک چلے اس مقابلہ کو شریکانت نے 11-13، 11-7اور13-11سے جیت کر اپنے نام کر لیا اور اپنی ٹیم کی سبقت کو 4-1کر دیا۔آخری میچ واریرس کے تان بون ہوانگ و تان وی کیانگ اور ہنٹرس کےگوہ ڈبلو شیم و مارکس کیڈو کے درمیان ہنٹرس کا ٹرمپ میچ تھا لیکن اس میچ میں ہنٹرس کی جوڑی واریرس سے ہار گئی اور اس طرح مارن کے ذریعے جیتا گیا ایک پوائنٹ بھی ہنٹرس نے گنوا دیا اور اس طرح اودھ واریرس نے میچ 5-0سے اپنے نام کر لیا۔