کوئٹہ ۔ پاکستان میں بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر میں نامعلوم مسلح دہشت گردوں کے حملے میں 6 سیکورٹی اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ ڈان نیوز کے مطابق حملے میں فورس کا ایک رسالدار میجر زخمی بھی ہوا، جسے علاج کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ مسلح حملہ آوروں نے گوادر کی تحصیل کلودان میں لیویز کے قافلے پر حملہ کیا۔لیویز کا قافلہ گوادر کی تحصیل جیوانی سے ایک زمین کے تنازع کو حل کرکے واپس آرہا تھا کہ مسلح دہشت گردوں نے ان حملہ پر کردیا۔ملزمان حملے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔
کمشنر کا کہنا تھا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے لیویز پارٹی کے سربراہ نائب تحصیلدار نعیم گچکی کو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے ، جبکہ دیگر اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے ۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز کے مزید دستے جائے وقوعہ کی جانب بھیج دیئے گئے تاکہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کارروائی عمل میں ائی جاسکے ۔مذکورہ حملے کے بعد ضلع گوادر کی سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے ۔
اس حملے میں ایک صوبائی افسر کی ہلاکت کی بھی اطلاع ہے ۔