نئی دہلی : انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے صنعتکار وجے مالیا کے خلاف اب تک کی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے منی لانڈرنگ ، بینک قرض اور دھوکہ دہی معاملات کی تحقیقات کے سلسلے میں ان کی 6 ہزار کروڑ قیمت کے شئیر اور جائیداد قرق کر لی ہے ۔ ان کا تخمینہ 2010 کی مارکیٹ قیمتوں پر لگایا گیا ہے ۔ اس جائداد کی موجودہ مارکیٹ قیمت 6600 کروڑ روپے ہے ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق مالیا کی ان جائدادوں میں مہاراشٹر میں واقع ان کا 200 کروڑ روپے کا فارم ہاؤس، بنگلور میں 800 کروڑ کا ایک اپارٹمنٹ اور شاپنگ مال اور یونائیٹڈ بریورریج لمیٹڈ اور یونائیٹڈ اسپیریٹس لمیٹڈ میں ان کے 300 کروڑ روپے کے شیئر بھی شامل ہیں۔
ای ڈی نے یہ کارروائی منی لانڈرنگ قانون (پي ایم ایل اے ) کی تحقیقات کرنے والی خصوصی عدالت کے حکم پر کی ہے ۔ مالیا کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کے لئے سمن جاری کیا گیا تھا، لیکن وہ پیش نہیں ہوئے ۔جس کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔
ای ڈی نے ملک بھر میں مالیا اور ان کے خاندان کے ارکان کے کچھ گروی رکھے حصص اورمنقولہ اور غیر منقولہ اثاثوں کی شناخت کافی پہلے ہی شروع کر دی تھی۔ ای ڈی کی جانب سے مالیا کی جائداد قرق کئے جانے کا یہ دوسرا موقع ہے ۔ ای ڈی کچھ وقت پہلے پي ایم ایل اے کے تحت مالیا کی 1،411 کروڑ روپے کی جائیداد قرق کر چکا ہے ۔
ان دنوں لندن میں رہ رہے مالیا تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے ہیں۔ ایسے میں انہیں ہند برطانیہ دو طرفہ قانونی تعاون معاہدے کے ذریعے ہندوستان لانے کی تیاری ہو رہی ہے ۔ ای ڈی مالیا اور دیگر کے خلاف 900 کروڑ روپے کے بینک فراڈ کیس میں مالیا کو تحقیقات میں ذاتی طور پر شامل کرنا چاہتا ہے ۔ مالیا اور دوسرے پر الزام ہے کہ انہوں نے اس قرض کا ایک حصہ اپنے غیر ملکی کاروبار میں منتقل کر دیا تھا۔