اڈیشنل الیکشن کمشنر وجے دیویوپی کے دورے پر
لکھنؤ۔یو پی اسمبلی کے عام انتخابات کا اعلان 22دسمبر کے بعد ہو سکتا ہے۔ اسمبلی انتخابات کے لئےسرگرمیاں بھی تیز ہو گئی ہیں۔ اسی کے پیش نظر اڈیشنل الیکشن کمشنروجے دیوکے ذریعے 19 دسمبر سے یوپی کے دورے پر رہیں گے جسکی وجہ سے ان قیاس آرائیوں کو تقویت پہنچ رہی ہے۔اڈیشنلالیکشن کمشنراس دوران وارانسی، الہ آباد، کانپور اور لکھنؤ میں اہلکاروں کے ساتھ ملاقات کر انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔
وجےدیو اس دوران یوپی میں بورڈ کے امتحانات کی تاریخوں کے مسئلہ پربھی بات چیت کریں گے۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے گذشتہ دنوں ہائی اسکول و انٹر کے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا تھا لیکن الیکشن کمیشن نے اس پرپابندی عائد کر دی تھی۔ متعلقہ افسروں کے ساتھ دیگر مسائل کے علاوہ ووٹر شناختی کارڈ اور سیکورٹی کے نظام پربھی بات ہوگی۔ وجےدیو کے ساتھ یوپی کے چیف الیکشن کمشنر ٹی وینکٹیش بھی موجود ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق، یوپی میں فروری کے پہلے ہفتے میں اسمبلی انتخابات ہو سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 7 مراحل میں انتخابات ہونا ہے، لیکن ابھی اس پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔وہیں، گزشتہ دنوں ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے بھی الیکشن کمیشن کو نوٹس بھیج کر 22 دسمبر تک انتخابات کی تاریخیں پوچھی ہیں۔ مانا جا رہا ہے کہ کورٹ کی نوٹس کو لے کر بھی الیکشن کمیشن نے اپنی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ ایک مفاد عامہ کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس بھیجا تھا۔