نیویارک : رابرٹ ڈوگارٹ نیویارک میں واقع مسجد پر حملے کی منصوبہ بندی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔ امریکہ کی ایک وفاقی عدالت نے ریاست ٹینیسی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو نیویارک میں واقع ایک مسجد پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی میں ملوث قرار دے دیا ہے۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق عدالت نے 65 سالہ رابرٹ ڈوگارٹ کو عمارت کو آگ لگانے سمیت تین مختلف جرائم کی منصوبہ بندی کا مرتکب پایا ہے۔
پراسیکیوٹر کے مطابق ڈوگارٹ نے اسلحہ جمع کررکھا تھا اور وہ اسلام برگ نامی مسلمان کمیونٹی پر حملہ کرنے کے منصوبوں کے حوالے سے دوسروں سے رابطے میں مصروف تھا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران ایک ایف بی آئی ایجنٹ نے ڈوگارٹ کے گھر سے برآمد کردہ ایک ایم 4 رائفل اور ملزم کی ایک ایف بی آئی کے مخبر کے ساتھ ہونے والی بات چیت کی ریکارڈنگز سنائیں۔
ڈوگارٹ کے وکلاء نے یہ موقف پیش کیا کہ اس کا اس حملے کی منصوبہ بندی کا کوئی پکا منصوبہ نہیں تھا اور اسے ایف بی آئی کے مخبر نے سازش میں پھنسایا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزم صرف اسلام برگ کے حوالے سے معلومات لینا چاہتا تھا۔