دہلی : مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند سے جاری ایک اخباری بیان کے مطابق مورخہ یکم نومبر 2016 کو مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ایک وفد نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر مولانا سید رابع حسنی ندوی سے دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنو کے مہمان خانے میں ملاقات کی اور ان کی خدمت میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر حافظ محمد یحییٰ دہلوی اور ناظم عمومی مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی و دیگر ذمہ داران کا ہدیۂ سلام پیش کیا اور کہا کہ ملک کے آئین، مسلم پرسنل لاء اور شریعت کی حفاظت کے سلسلے میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند ماضی کی طرح آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔
وفد نے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے اس عزم کو دہرایا کہ آئندہ بھی وہ کتاب وسنت، تحفظ شریعت اور آئین ہند کی بنیاد پر بورڈ کی حمایت جاری رکھے گی۔ وفد نے مزید کہا کہ ملک کے آئین نے پرسنل لاء کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کی ہے اور ملک کے ہر شہری کو آئینی طور پر اپنے پرسنل لاء پر عمل کرنے کی آزادی ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق صدر بورڈ مولانا سید رابع حسنی ندوی نے موقر وفد کا گرم جوشی سے استقبال کیا اور بورڈ کے تئیں مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند اور اہل حدیثان ہند کے دیرینہ ہمدردانہ جذبات، تعاون اور کوششوں کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ آئندہ بھی مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند بورڈ کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ نیز موقر وفد کو جو متعلقہ باتیں تھیں اس کی بھی یقین دہانی کرائی۔
اس وفد میں مولانا محمد ہارون سنابلی ناظم شعبہ تنظیم مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند ، مولانا محفوظ الرحمن فیضی سابق شیخ الحدیث جامعہ اسلامیہ فیض عام مؤ ، حافظ عتیق الرحمن طیبی امیر صوبائی جمعیت اہلحدیث مشرقی یوپی، مولانا شہاب الدین مدنی ناظم صوبائی جمعیت اہل حدیث مشرقی یوپی اورمولانا اقبال احمد محمدی مؤ شامل تھے۔