کراچی: سعودی عرب نے بھارت کے بعد برڈ فلو کی وبا پھوٹ پڑنے کے باعث افغانستان سے پولٹری اور پولٹری مصنوعات کی درآمدات پر پابندی عائد کردی ہے۔
وزارت ماحولیات، پانی وزراعت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وبائی برڈ فلو وائرس کی اطلاع ملنے کی وجہ سے ورلڈ آرگنائزیشن فار اینیمل ہیلتھ (اوآئی ای) کی جاری کردہ وارننگ کے مطابق افغانستان سے زندہ پرندوں، انڈوں وچکس کی درآمدات پر عارضی پابندی لگا دی گئی ہے۔
او آئی ای کے مطابق افغان حکومت نے حال ہی میں برڈ فلو 2 مقامات پرپھوٹ پڑنے کی اطلاع دی ہے، کابل کے قریب ایچ فائیووائرس پایا گیا گیا جس سے 6 پرندے ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ قریبی بگرامی گاؤں میں 15 پرندے مرنے کی اطلاع ہے۔
قبل ازیں رواں ماہ افغان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری نے متعلقہ اداروں سے وبا پر قابو پانے کے لیے مدد کی درخواست کی تھی کیونکہ انھیں اس سے پولٹری فارمرز کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، اس سے پہلے صوبہ خوست میں بھی برڈ فلو کی وبا پھوٹی تھی۔
افغان چیمبر کے ترجمان نے کہاکہ ہم ان علاقوں میں پیشہ ورانہ طریقوں سے کام کر رہے ہیں مگر بدقسمتی سے برڈ فلو کی وبا سے کئی مرغیاں مر گئی ہیں۔
افغان وزارت زراعت کے مطابق وائرس جنگلی پرندوں کے ذریعے خوست میں پھیلا اور اس کی علامتیں پکتیا میں بھی ملی ہیں، بعض علاقوں میں بین الاقوامی تنظیموں کی مدد سے اس وبا پر قابو پا لیا ہے۔
وزارت کے ترجمان اکبررستمی نے کہاکہ وزارت زراعت نے ایف اے او سمیت متعدد عالمی تنظیموں کے تعاون سے وبا کو پھیلنے سے روکنے کیلیے متعدد سنجیدہ اقدامات کیے ہیں۔