ممبئی۔ چین میں بالی ووڈ اداکار عامر خان کی مقبولیت مودی سے بھی زیادہ ہے۔ بالی ووڈ میں ابھی فلم باہو بلی کا خمار اترا بھی نہیں تھا کہ چین میں عامر خان کی فلم دنگل نے بازی مار لی۔ فلم دنگل چین میں سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی بھارت کی پہلی فلم بن گئی ہے۔
تازہ خبر یہ ہے کہ دنگل کی وجہ سے عامر خان کے لیے چینیوں کی چاہت بڑھنے لگی ہے۔ دنگل کی پرموشن کے لیے عامر کئی بار چین جا چکے ہیں اور چینیوں سے انہیں بہت پیار مِلا ہے۔ اب اس مقبولیت کا یہ عالم ہے کہ چین کی سوشل میڈیا ویب سائٹ ويبو پر عامر خان کے فالورز کی تعداد انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی سے زیادہ ہوگئی ہے۔
ويبو پر عامر کے فالورز کی تعداد 675،841 سے زیادہ ہے جبکہ مودی کے 168،848 سے زیادہ فالورز ہیں۔ بی بی سی کی مانیٹرِنگ سروس کے مطابق دونوں کے اکاؤنٹ تصدیق شدہ ہیں اور عامر خان کا ويبو اکاؤنٹ کافی فعال ہے جبکہ مودی کی جانب سے آخری پوسٹ اس سال جنوری میں کی گئی تھی۔
ويبو پر کسی انڈین شہری کے فالورز کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔ چین کے سوشل میڈیا پر بھی دنگل پر خوب باتیں ہو رہی ہیں۔ عامر بالی ووڈ کے ان چند ستاروں میں سے ہیں جن کے چین میں بھی ہزاروں مداح ہیں۔ چند سال پہلے جب تھری ایڈیٹس آئی تھی تو چین میں اس فلم کی مقبولیت نے سب کو حیرت میں ڈال دیا تھا اور اس کے بعد سے عامر بھی وہاں کافی مشہور ہو گئے۔
https://www.naqeebnews.com