چھ نوجوان شہید ، کئی زخمی ، راجناتھ کا دورہ روس ملتوی
سرینگر : جموں و کشمیر کے اری سیکٹر میں 12 ویں بریگیڈ کی چھاؤنی پر خود کش حملہ ہوا ہے ۔ اس حملے میں چھ نوجوان شہید ہو گئے ہیں جبکہ متعدد جوان زخمی ہوئے کی خبر ہے ، جن میں کچھ کی حالت انتہائی سنگین ہے ۔ زخمی جوانوں کو آرمی کے ہیلی کاپٹر سے بادامی باغ اسپتال لے جایا گیا ہے ۔ دہشت گردوں کے خلاف اب اسپیشل فورس نے مورچہ سنبھال لیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق فوج نے ایک دہشت گرد کو مار گرایا ہے ۔ اب بھی فائرنگ جاری ہے ۔
پولیس نے بتایا کہ یہ حملہ 12 ویں بریگیڈ کی چھاؤنی پر آج صبح تقریبا 5.30 بجے ہوا ۔ تاہم ابھی تک دہشت گردوں کی تعداد اور ان کی شناخت ظاہر نہیں ہو پائی ہے ۔ اس بریگیڈ کا ہیڈکوارٹر شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے اری میں واقع ہے ۔ خبروں کے مطابق کچھ دہشت گرد ہیڈ کوارٹر میں داخل ہو گئے ، جس کے بعد فوج اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ جاری ہے ۔ اس دوران ایک عمارت میں آگ لگنے کی بھی خبر ہے ۔ بتایا جا رہا ہے کہ دہشت گردوں کی تعداد تین سے چار ہوسکتی ہے ۔ انتہائی محفوط سمجھی جانے والی فوج کی اس چھاؤنی میں دہشت گرد کس طرح داخل ہوئے ، اس بات کی معلومات فی الحال نہیں ملی ہے ۔ ایک افسر کے مطابق یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ کیا ان دہشت گردوں نے پاکستان کی سرحد کی جانب سے ہندوستانی سرحد میں دراندازی کی یا پھر یہ حملہ یہیں کی کسی دہشت گرد تنظیم کی جانب سے کیا گیا ہے ۔ چھپے ہوئے دہشت گردوں کو باہر نکالنے کے لیے فوج کی جانب سے مسلسل کوششیں جاری ہیں ۔ فوج نے علاقے کو چاروں طرف سے گھیر لیا ہے ۔ ادھر اری میں خود کش حملہ کے بعد وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اپنا روس کا دورہ منسوخ کر دیا ہے ۔ راج ناتھ سنگھ آج روس کے دورے پر جانے والے تھے ، لیکن حملے کی خبر آنے کے بعد انہوں نے فی الحال اپنا دورہ ملتوی کر دیا ہے ۔