لکھنؤ میں اکھلیش اور شیوپال کے حامیوں میں جھڑپ
لکھنؤ : شیو پال یادو اور اکھلیش یادو کے درمیان گھمسان کے بعد اب سماجوادی پارٹی میں طاقت آزمائی کا دور بھی چل پڑا ہے۔لکھنؤ میں سماجوادی پارٹی دفتر کے باہر دونوں رہنماؤں کے حامیوں کے درمیان کشیدگی نظر آرہی ہے۔ دونوں کے حامی اپنے اپنے رہنماؤں کے حق میں نعرے بازی کررہے ہیں ۔ تاہم حالات اس وقت مزید خراب ہو گئے جب دونوں رہنماؤں کے حامی آپس میں بھڑ گئے۔علاوہ ازیں اٹاوہ میں بھی شیو پال کے حامیوں نے شاستری چوراہے پر جام لگایا۔ ایک شیو پال حامی نے یہاں خودکشی کرنے کی کوشش بھی کی۔
شیو پال جمعہ صبح اپنے بیٹے کے ساتھ ملائم سے ملنے ان کی رہائش گاہ پہنچے۔ شیو پال اپنی ذاتی گاڑی سے ملائم کے گھر گئے تھے۔ دونوں کی ملاقات 5-7 منٹ ہی چلی۔ اس کے بعد یوپی کے وزیر اعلی اکھلیش بھی ملائم سے ملنے پہنچے۔
لکھنؤ میں شیو پال کی رہائش کے باہر جمع حامیوں نے ‘رام گوپال (یادو) کو باہر کرو کے نعرے لگائے۔ یہ سب اس وقت ہوا جب شیو پال حامیوں سے خطاب کر رہے تھے۔ شیو پال نے حامیوں سے کہا کہ ہم سب لوگ نیتا جی کے ساتھ ہیں ۔ ان کا پیغام ہمارے لئے حکم ہے۔ ہم ایس پی کو کمزور نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے کہا کہ آپ تمام لوگ پارٹی کے دفتر پر جائیے اور نیتا جی کے سامنے اپنی بات کو رکھئے ۔