متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ فاروق ستار ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار حیدرآباد سے کراچی آرہے تھے کہ نوری آباد کے قریب ان کی گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں فاروق ستار شدید زخمی ہوگئے جب کہ گاڑی میں سوار 3 محافظ بھی شدید زخمی اور گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق فاروق ستار کی گاڑی نوری آباد کے قریب تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوئی اور قلا بازیاں کھاتی ہوئی سڑک سے اتر گئی جس کے نتیجے میں فاروق ستار کے کاندھے اور کمر میں چوٹیں آئی ہیں جنہیں کراچی کے نجی اسپتال میں منتقل کیا جارہا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے تصدیق کی ہے کہ فاروق ستار کو فریکچر آئے ہیں تاہم وہ ہوش میں ہیں اوران کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار 4 گاڑیوں کے قافلے کی صورت میں آج حیدرآباد گئے تھے جہاں سے واپسی پر ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہوئی جب کہ ان کے قافلے میں خواجہ اظہارالحسن اور عامر خان سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی تھے۔