سری نگر:جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں ہفتہ کو ایک جواں سال نوجوان آنسو گیس کا گولہ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔ اس ہلاکت کے ساتھ وادی میں گذشتہ 64 دنوں کے دوران سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد بڑھ کر 76 ہوگئی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیان کے ٹنگون ٹکرو جہاں ایک ‘آزادی حامی ریلی’ کا انعقاد ہونے والا تھا، میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے ۔ تاہم سیکورٹی فورسز نے احتجاجی لوگوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آنسو گیس کا ایک گولہ 25 سالہ نوجوان سایر شمیم ولد شمیم احمد کے سر میں جا لگا۔ سایر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ نوجوان کی ہلاکت کے بعد پورے ضلع شوپیان کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے ۔