سہارن پور:اترپردیش میں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی )کی سربراہ مایاوتی کل سہارن پور میں ایک بڑی ریلی کو خطاب کریں گی۔اس ریلی میں ،حال ہی میں قومی جمہوری اتحاد(این ڈی اے )حکومت کے دو سال مکمل ہونے پر یہاں منعقدہوئی وزیر اعظم نریندر مودی کی ریلی سے بھی زیادہ لوگوں کی بھیڑ آنے کی امید ہے ۔بھیڑ اکٹھا کرنے کے لئے سہارن پور اور میرٹھ ڈیویژن کے کارکنان اور ہنماؤں کے ساتھ بی ایس پی کے جنرل سکریٹری نسیم الدین صدیقی بھی یہاں موجود ہیں۔بی ایس پی کی صدر کی نظر ان ریلیوں کے ذریعہ دلت اور مسلمان ووٹ بینک پر ہے ۔اس سے پہلے محترمہ مایاوتی دلت اور مسلمان اکثریتی علاقے آگرہ،اعظم گڑھ اور الہ آباد میں ریلیاں کرچکی ہیں۔سہارن پور بھی دلت -مسلمان اکثریتی علاقہ مانا جاتا ہے ۔پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کل دوپہر تک 200بسوں ،1000کاروں سمیت کئی دیگر گاڑیوں سے بڑی تعداد میں لوگ سہارن پور کے چنہٹی گاؤں کے نزدیک کاسموس میدان میں اکھٹا ہوں گے ۔اترپردیش بی ایس پی کے صدر رام اچل راج بھر نے آج یہاں بتایا کہ کل کی ریلی ایک تاریخی ریلی ہوگی اور یہاں پر بھیڑ وزیراعظم نریندر مودی کی ریلی سے کہیں زیادہ ہوگی۔