دہلی : اب جبکہ عید الاضحی کی آمد میں چند دن ہی رہ گئے ہیں ، تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بکرا منڈی پوری طرح سج چکی ہے ۔ طرح طرح کی نسل کے بکرے ان منڈیوں میں نظر آ رہے ہیں، لیکن اس مرتبہ سب سے انوکھی بات یہ ہے کہ آن لائن بکروں کی خرید فروخت زوروں پر ہو رہی ہے۔ آن لائن شاپنگ کی ویب سائٹ او ایل ایکس پر باقاعدہ بکرا منڈی سجی ہوئی ہے۔ بکروں کی تصاویر ان کی خوبیوں اور قیمت کے ساتھ ویب سائٹ پر ڈالدی گئی ہیں ۔ جو لوگ بکرا منڈیوں کے چکر نہیں لگانا چاہتے ہیں یا جن کے پاس منڈی جانے کیلئے فرصت نہیں ہے، وہ آن لائن بکرا خریدنے میں کافی خاصی دلچسپی دکھا رہےہیں ۔
اتنا ہی نہیں راجستھان، مہاراشٹر اور اترپردیش کی ایک درجن سے زیادہ معروف نسلوں کے بکرے آن لائن فروخت اور خریدے جا رہے ہیں۔ جیسے جیسے بقرعید کے دن قریب آ رہے ہیں ، تو بکروں کی خریداری میں بھی اضافہ نظر آرہاہے۔ فون پر رابطہ کر کے قیمتیں بھی لگائی جارہی ہیں۔ کچھ لوگ قیمت طے ہونے کے بعد دوسرے شہر سے بھی اپنے شہر میں بکرا منگوا چکے ہیں۔
دریں اثنا گجرات میں سال رواں وزن کے اعتبار سے بکرا کی خریدوفروخت کا ماحول ہے اور 350 روپے کلو کے اعتبار سے بکرا فروخت کیا جا رہا ہے ، لیکن بکروں کو وزن سے فروخت کرنے پر لوگ سوالات بھی کھڑا کر رہے ہیں۔
اس سلسلے میں احمد آباد کے مفتی رضوان تاراپوری کا کہنا ہے کہ ہم قربانی اللہ کے لئے کرتے ہیں، ایسے میں اگر بکروں کو وزن سے خریدا جائے ، تو شرعی نقطہ نظر سے کوئی قباحت نہیں ہے، لیکن کہیں نہ کہیں اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اللہ کے نام پر سوچ سوچ کر خرچ کیا جا رہا ہے ۔