نئی دہلی:آرمی چیف جنرل دلبیر سنگھ نے آج یہاں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور جموں کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔جنرل دلبیر کشمیر وادی پر کل جماعتی میٹنگ سے پہلے مسٹر سنگھ سے ملے اور انہیں ریاست کے سرحدی علاقوں اور کنٹرول لائن پر سیکورٹی کی صورت حال سے واقف کرایا ۔فوج کے سربراہ نے وزیر داخلہ کو شمال مشرقی علاقے کے حالات کے بارے میں بھی بتایا۔ جنرل دلبیر نے 4 اور 5 ستمبر کو آسام کے تیج پور میں فوج کی گجراج کور کی تیاریوں کا جائزہ لیا تھا۔اس درمیان غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق فوجی سربراہ آج جموں کشمیر کے دورے پر جا سکتے ہیں۔ ادھر فوج کے ذرائع نے اس طرح کی رپورٹوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فوج کے سربراہ وہاں نہیں جا رہے ہیں۔ حزب المجاہدین کے جنگجو برہان وانی کے جولائی میں تصادم میں مارے جانے کے بعد سے فوج کے سربراہ تین بار جموں کشمیر جاکر سیکورٹی کی صور تحال کا جائزہ لے چکے ہیں۔