سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے ایک بار پھر یمن کے رہائشی علاقوں پر ممنوعہ کلسٹر بموں سے حملہ کیا ہے۔
المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے اتوار کو شمالی صوبے صعدہ کے باقم شہر کے مختلف رہائشی علاقوں پرکلسٹر بموں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں سات عام شہری شہید اور چار دیگر زخمی ہوگئے-
سعودی عرب اور اس کے اتحادی ملکوں کے طیاروں نے صوبہ عمران کے السود علاقے میں مواصلاتی سسٹم پر بھی تین بار بمباری کی جس سے یہ سسٹم پوری طرح تباہ ہو گیا۔ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے شمالی صوبے الجوف کے المتون شہر پر بھی بمباری کی ہے جس میں ایک خاتون شہید اور دو دیگر زخمی ہو گئیں-
سعودی عرب کے اتحادیوں نے المتون علاقے میں ہی ایک مسجد کو بھی توپخانوں کے حملے کا نشانہ بنایا- اس حملے میں ایک شخص شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔