میکسیکو سٹی:میکسیکو کے صدر اینرق پینا نیٹو نے بدھ کے روز کہا ہے کہ انہوں نے ڈونالڈ ٹرمپ کوبتادیا ہے کہ ری پبلکن صدارتی امیدوار مہاجرین کو روکنے کے لئے میکسیکو ۔ امریکہ سرحد پر جو دیوار تعمیر کرنا چاہتے ہیں ان کا ملک اس کا خرچ نہیں اٹھائے گا ۔ حالانکہ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ان سے ملاقات کے دوران ادائیگی پر کوئی بات نہیں ہوگی۔ پینا نیٹو نے ٹویٹر پر کہا، “ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ بات چیت کے آغاز میں ہی میں نے انہیں یہ واضح کر دیا تھا کہ میکسیکو دیوار کے لئے پیسہ نہیں دے گا۔ ٹرمپ نے میکسیکو سٹی میں ملاقات کے بعد پینا نیٹو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ہم نے دیوار بنانے پر بات کی ہے مگر اس پر نہیں کہ تعمیر کے لئے پیسہ کون دے گا مگر پینانیٹو نے پریس کانفرنس کے دوران دیوار کا کوئی ذکر نہیں کیا۔