بھنڈ: خراب جنسی تناست کے پیش نظر ملک بھر میں بدنام مدھیہ پردیش کے بھنڈ شہر میں دو دن پہلے ایک غیر قانونی اسقاط حمل سینٹر پر چھاپہ مارنے کے بعد انتظامیہ نے شہر میں چھ نقلی ڈاکٹروں کو گرفتار کیا ہے ۔یہ ڈاکٹر کمیشن لے کر حاملہ خواتین کو غیر قانونی اسقاط حمل کے لئے اس سینٹر میں بھیجتے تھے ۔پولیس نے غیر قانونی اسقاط حمل چلانے والی خاتون اوراس کے شوہر کو بھی جیل بھیج دیا ہے ۔اڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ امرت مینا نے بتایا کہ 30اگست کی رات اسقاط حمل سینٹر پر چھاپہ مارکر کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں دوائیوں کے علاوہ دو موبائل فون بھی ضبط کئے گئے ۔فون کال کی تفصیلات نکلوائی گئی تو اس میں سینٹر چلانے والی نیرج پال اوردلال ڈاکٹروں کے درمیان اسقاط حمل کے لئے آنے والی لڑکیوں سے متعلق بات چیت کی رکارڈنگ ملی،جس کی بنیاد پر ڈاکٹر مدھوریش تریپاٹھی،وشمبھر سنگھ کشواہا،ہندرراج سنگھ بھدوریا،سنیل شرما،ببلو جاٹو برجبھان سنگھ بگھیل کوگرفتار کیا گیا۔پکڑے گئے ان ڈاکٹروں نے پولیس کو بتایا کہ نیرج پال حاملہ لڑکیوں کو ان کے کلینک پر بھیجنے کے عوض تین سے چارہزار روپے کا کمیشن دیتی تھی۔