اقلیتی امور کی سابق مرکزی وزیر تھیں
نئی دہلی : مرکز کی مودی سرکار نے کئی ریاستوں میں نئے گورنر کی تقرری کا اعلان کیا ہے ۔ اقلیتی امور کی سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر نجمہ ہپت اللہ کو منی پور کا گورنر بنایا گیا ہے جبکہ بنواری لال پروہت کو آسام اور وی پی سنگھ بدنور کو پنجاب کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نجمہ ہپت اللہ جلد ہی گورنر کے عہدہ کا حلف لے سکتی ہیں ۔ اس بابت منی پور کی حکومت کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ نجمہ ہپت اللہ منی کی 18 ویں گورنر ہوں گی ۔ قابل ذکر ہے کہ 30 ستمبر 2015 سے میگھالیہ کے گورنر وی شموگناتھن منی پور کے گورنر کی اضافی ذمہ داری بھی سنبھال رہے تھے ۔ منی پور میں اگلے سال اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں ۔
خیال رہے کہ مودی کابینہ میں توسیع سے قبل ہی اس بات کی قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ نجمہ ہپت اللہ کو وزارت سے ہٹاکر کسی ریاست کا گورنر بنایا جاسکتا ہے ، مگر توسیع کے وقت نجمہ ہپت اللہ کو نہیں ہٹایاگیا تھا ، جس کی وجہ سے قیاس آرائی کا یہ دور ختم ہوگیا تھا ، مگر کچھ دنوں کے بعد 12 جولائی کو نجمہ ہپت اللہ نے خود ہی وزارت سے استعفی دیدیا تھا اور ان کی جگہ پر مختار عباس نقوی کو اقلیتی امور کی وزارت کی مکمل ذمہ داری سونپ دی گئی تھی۔ وزارت سے استعفی کے بعد نجمہ ہپت اللہ نے وزیر اعظم سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی ، تبھی مودی نے نجمہ ہپت اللہ کو مستقبل قریب میں بڑی ذمہ داری کی یقین دہانی کرائی تھی اور اب انہیں منی پور کا گورنر بنایا گیا ہے۔