سماجی کارکن تیستا سیتلواڑ کی عرضی پر
نئی دہلی: معروف سماجی کارکن تیستا سیتلواڑ کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے گجرات حکومت کو نوٹس جاری کیا ہے ۔سپریم کورٹ نے یہ نوٹس تیستا سیتلواڑ کی تنظیم سب رنگ اور سٹیزن فار جسٹس اینڈ پیس کے بینک اکاونٹ کو منجمد کرنے کو چیلنج کرنے والی درخواست کی سماعت کے دوران جاری کیا ۔ خیال رہے کہ اس سے قبل جولائی میں سپریم کورٹ نے تیستا کی عرضی پر گجرات حکومت سے جواب طلب کیا تھا اور ساتھ ہی ساتھ ریاستی حکومت کو درخواست کی کاپی بھی فراہم کرنے کیلئے کہا تھا ۔
قابل ذکر ہے کہ تیستا اور ان کے شوہر پر 2002 کے گجرات فسادات کے دوران احمد آباد کی گلبرگ سوسائٹی میں تباہی کی یاد میں میوزیم بنانے کے لئے جمع چندے میں دھاندلی کا کیس درج ہے۔ جون میں مرکزی حکومت نےتیستا کے این جی او سب رنگ ٹرسٹ کا ایف سی آر اے لائسنس منسوخ کر دیا تھا، جس سے اب ان کا این جی او غیر ملکی چندہ حاصل نہیں کر سکتا ہے۔ مرکزی حکومت نے دلیل دی تھی کہ غیر ملکی چندہ ریگولیشن قانون (ایف سی آر اے) کے تحت این جی او کی جانب سے حاصل غیر ملکی چندہ کا استعمال ان مقاصد کے لئے نہیں کیا جا رہا ہے، جن کے لئے اس کیا جانا چاہئے تھا۔