لکھنوء،01 ستمبر( یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے حزب اختلاف پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے دور اقتدار میں ہوئے ترقیاتی کاموں سے اپوزیشن کے رہنما گھبرائے ہوئے ہیں اور ان کی پارٹی کے خلاف عظیم اتحاد بنانے کی تیاری میں لگے ہوئے ہیں ۔لیکن ان کے پاس لیڈر کی شکل میں کوئی چہرہ نہیں ہے ۔
مسٹر یوگی نے سنیچر کو کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومت نے متعدد فلاحی اسیکیمات کا آغاز کیا ہے ۔ان اسکیمات کا راست فائدہ عام شہریوں کو ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات ترقی کے نام پر ہوں گے ۔وزیر اعظم نریندر مودی کی حصولیابیوں کا کوئی ثانی نہیں ہے ۔انہوں ے کہاکہ بی جے پی کی ترقیاتی کاموں سے اپوزیشن حواس باختہ ہے اور عظیم اتحاد بنانے کی تیاری کر رہا ہے اپوزیشن کے پاس کوئی ایسا چہرہ نہیں ہے جس کی قیادت میں وہ انتخابات میں حصہ لیں سکیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ عظیم اتحاد کانگریس صدر راہل گاندھی کو اپنا لیڈر ماننے کو تیار نہیں ہے ، اس عظیم اتحاد کے پاس کوئی لیڈر نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی دور اقتدار میں ملک ترقی کے راستے پر گامزن ہے ملک میں پہلی حکومت ہے جس نے کسانوں ،گاؤں ،مزدور اور خواتین پر توجہ مرکوز کی ہے ۔بی جے پی ترقی کی خواہاں ہے ۔ملک کا تحفظ اور خواتین کی عزت پارٹی کی ترجیحات میں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی حکومت کی واپسی میں اترپردیش کا کردار فیصلہ کن ہوگا۔