کشمیر میں جنگ آزادی کی نئی لہر؛ پاک وزیر اعظم
اسلام آباد : پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے آج کہا کہ کشمیر تحریک آزادی کی نئی لہر دیکھ رہا ہے اور انہوں نے سفارتکاروں سے دنیا کو یہ بتانے کو کہا ہے کہ کشمیر ہندوستان کا داخلی معاملہ نہیں ہے ۔ وزارت خارجہ کی طرف سے پاکستانی سفیروں کی منعقد تین روزہ کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازع کا حل اور کشمیری عوام کی خواہش پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے ۔
شریف نے ہندوستان کو اکساتے ہوئے کہا کہ آج کشمیر تحریک آزادی کی نئی لہر کو دیکھ رہا ہے ۔ ان کا بیان ایسے وقت میں آیا ہے ، جب وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سارک ممالک کے وزارائے داخلہ کی کانفرنس میں شریک ہونے اسلام آباد پہنچے ہیں ۔ شریف نے کہا کہ یہ تحریک کشمیر کے عوام کی تیسری نسل کی رگوں میں دوڑ رہی ہے اور آٹھ جولائی کے واقعہ کے ذریعے دنیا نے خود اس کی سنجیدگی دیکھی ہے ۔
انہوں نے حزب کمانڈر برہان وانی کے کشمیر میں مارے جانے کا ذکر کرتے ہوئے یہ کہا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوان حق خود ارادیت کے لئے قربانی کا نیا باب لکھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گولیوں سے ان کی آنکھوں کی روشنی چلی گئی ، لیکن آزادی کی خواہش انہیں منزل کی طرف لے جا رہی ہے ۔