اس میں کوئی شک نہیں کہ برصغیر کے کھانے تقریبا ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں، ایسے ہی کھانوں میں چکن اچاری بھی ہے، جو پاکستان اور بھارت میں یکساں مقبول ہے۔
اس سے قطع نظر کے پاکستان اور بھارت کے تعلقات کیسے رہتے ہیں، دونوں ممالک میں ایک دوسرے کے کھانے بڑے شوق و زوق سے نہ صرف کھائے جاتے ہیں، بلکہ خصوصی طور پر گھروں میں بنائے بھی جاتے ہیں۔
ایسے ہی کھانوں میں چکن اچاری بھی ہے، جو پورے شمالی ہندوستان میں شوق سے کھایا جاتا ہے، لیکن اسے علی گڑھ، الہ آباد، فریدآباد اور غازی آباد سمیت دیگر مسلم اکثریتی آبادی والے اضلاع میں زیادہ بنایا جاتا ہے۔
چکن اچاری گوشت کو کشمیر کے لوگ بھی بڑے شوق سے کھاتے اور بناتے ہیں۔
چکن اچاری کو تیار کرنا نہایت ہی آسان ہے،جب کہ اس کا ذائقہ برصغیر کے دیگر کھانوں کی طرح ذائقہ دار اور چٹ پٹا ہوتا ہے۔
اجزاء مرغی 500 گرام چھوٹی بوٹیاں کرلیں
کوکنگ آئل 2 سے ڈیڑھ کپ
پیاز ایک عدد کاٹ لیں
ٹماٹر کا کیچپ یا ٹماٹر کو پیس لیں ایک کھانے کا چمچ
دہی ڈیڑھ سے 2 کپ
ادرک اور لہسن کا پیسٹ دو دو چائے کے چمچ
ہلدی حسب ضرورت
سرسوں کے بیج حسب ضرورت
سفید زیرہ آدھا چائے کا چمچ
کلونجی آدھا چائے کا چمچ
سونف آدھا چائے کا چمچ
سرخ مرچ پاؤڈر حسب ذائقہ
لیموں کا رس 2 چائے کے چمچ
سرخ مرچ ثابت 4 عدد
نمک حسب ذائقہ
ترکیب سب سے پہلے ایک برتن میں کوکنگ آئل کے ساتھ سرخ مرچ ثابت، زیرہ، کلونجی، سونف، سرسوں کے بیج اور ہلدی کو تھوڑی دیر کے لیے پکائیں۔
اس کے بعد ان میں پیاز اور نمک ڈال کر پیاز کے سرخ ہونے تک انہیں پکائیں۔
پیاز سرخ ہونے کے بعد ترتیب وار تھوڑے تھوڑے وقفے سے پہلے ادرک پیسٹ اور بعد میں سرخ مرچ ملائیں، آخر میں اس میں ٹماٹر کا کیچپ ملالیں۔
سب چیزیں ملانے کے 2 منٹ بعد اس میں مرغی ڈال کر پانچ منٹ تک پکائیں، اور پھر حسب ضرورت پانی ڈال کر چھوڑ دیں۔
جب پانی گاڑھا ہوجائے اور مرغی گل جائے تو اس میں دہی ڈال دیں۔
تھوڑی دیر پکانے کے بعد آخر میں لیموں کا رس اور تھوڑا سا نمک ڈال کر اتارلیں۔
اتارنے کے بعد چاہیں تو ہرا دھنیا کاٹ کر اوپر چھڑک دیں۔
آخر میں پلیٹوں میں نکال کر چاہیں تو چپاتی اور نان یا پھر سفید چاول کے ساتھ تناول فرمائیں۔