جمائکا۔ کنگسٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے پہلے دن کے اختتام پر سات وکٹوں پر 244 رنز بنائے۔ پہلے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کے بشو اور ہولڈر کریز پر موجود تھے اور دونوں کے درمیان 55 رنز کی شراکت داری ہو چکی تھی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 3 جبکہ محمد عباس، یاسر شاہ اور وہاب ریاض نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کریگ بریتھویٹ اور کائرن پاول نے اننگز کا آغاز کیا۔ نوجوان محمد عباس جو کہ اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں نے پاکستان کو اپنے پہلے ہی اوور میں کریگ بریتھویٹ کی وکٹ دلا دی۔ اس کے بعد ہیٹمر اور ہوپ بلترتیب 11 اور دو رنز بنا کر محمد عامر کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے۔ وہاب ریاض نے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے وشال سنگھ کو نو کے انفرادی سکور پر آؤٹ کیا۔
اس کے بعد 71 کے مجموعی سکور پر پاول 33 رنز پر عامر کا تیسرا شکار بنے۔ بعد میں چیز اور ڈورچ کے درمیان 118 رنز کی شراکت داری کا اختتام چیز کے یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہونے کی صورت میں ہوا۔ وہاب ریاض نے باؤنڈری کے قریب چیز کا شاندار کیچ پکڑا۔ اگلی ہی گیند پر یاسر شاہ نے ڈورچ کو کلین بولڈ کر دیا تاہم یاسر شاہ اپنی ہیٹرک مکمل نہیں کر سکے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے دو سینیئر کھلاڑی مصباح الحق اور یونس خان پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ یہ ان کی آخری سیریز ہے۔ حالیہ دورے کے دوران پاکستان میزبان ٹیم کو ون ڈے اور ایک روزہ میچوں کی سیریز میں تو شکست دے چکا ہے۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 16 ٹیسٹ سیریز میں 49 کرکٹ ٹیسٹ میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ دونوں ٹیمیں اب تک پانچ، پانچ ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کر چکی ہیں جبکہ چھ سیریز برابر رہی ہیں۔
پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف اب تک 18 ٹیسٹ میچ جیت چکا ہے کہ جبکہ ویسٹ انڈیز کو 16 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ آج تک پاکستان ویسٹ انڈیز کو اس کی ہوم سیریز میں شکست نہیں دے پایا ہے۔
پاکستان: مصباح الحق (کپتان)، اظہرعلی، احمد شہزاد، بابراعظم، یونس خان، اسد شفیق، سرفراز احمد، یاسر شاہ، وہاب ریاض، محمد عامر اور محمد عباس۔ ویسٹ انڈیز: جیسن ہولڈر، دیوندرا بشو، کریگ بریتھویٹ، راسٹن چیز، میگوئل کمنز، شین ڈورچ، شینن گیبریئل، شیمرون ہیٹمر، شئے ہوپ، الزاری جوذف، کائرن پاؤل، وشویل سنگھ۔