نیویارک: مسلم ممالک سے متعلق امیگریشن پالیسی کے خلاف امریکہ میں مظاہرے جاری ہیں۔ نیویارک پولیس نے امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے امیگریشن اور سرحد سے متعلق پالیسیوں کی مخالفت میں ٹرمپ ٹاور کے سامنے مظاہرہ کرنے والے 25 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے ذرائع کے مطابق مظاہرین ٹرمپ ٹاور کے قریب جمع ہو کر’ کوئی پابندی نہیں، کوئی تعداد نہیں، کوئی دیوار نہیں کا نعرہ لگا رہے تھے۔ مظاہرین کو ٹاور کے اندر جانے سے روکنے کے لئے وہاں بڑی تعداد میں مسلح پولیس کو تعینات کیا گیا تھا۔ وہیں کئی پولیس افسر مظاہرین کو پولیس وین کی طرف لے گئے۔
پولیس نے بیان جاری کر کے کہا کہ مظاہرین پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ امریکہ میں ٹرمپ کی سات مسلم ممالک کے خلاف امیگریشن پالیسی اور میکسیکو سرحد پر دیوار تعمیر کے منصوبہ پر کافی تنقید ہوئی ہے اور اس کی مخالفت میں یہاں کئی مظاہرے ہوئے ہیں۔