نئی دہلی۔ صارفین پر دو لاکھ سے زیادہ کیش ٹرانزیکشن پر سو فیصد جرمانہ لگے گا۔ بلیک منی پر نکیل کسنے کے لئے مودی حکومت ایک نیا قدم اٹھانے جا رہی ہے۔ حکومت نے نئے فائنانس بل کے تحت کیش ٹرانزیکشن کی حد 3 لاکھ روپے سے کم کرکے 2 لاکھ روپے کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس قانون کے بن جانے کے بعد اگر کوئی بھی ایک دن میں 2 لاکھ سے زیادہ کا کیش لین دین کرے گا تو اس پر 100٪ جرمانہ لگایا جائے گا۔
حکومت کا ماننا ہے کہ بلیک منی پر روک لگانے کے لئے کیش ٹرانزیکشن لمٹ کو گھٹانا بے حد ضروری ہے۔ فی الحال یہ لمٹ تین لاکھ روپے ہے جسے کم کرکے دو لاکھ کئے جانے کی تجویز ہے۔ اس کے ساتھ ہی اتنی بڑی ٹرانزیکشن کے لئے پین نمبر اور ریٹرن بھرنے کے لئے آدھار نمبر بھی ضروری کر دیا جائے گا۔ حکومت نے مالی ترمیم بل لوک سبھا میں پیش کیا ہے، اور اس میں یہ تبدیلی کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔
اس تجویز کے مطابق 2 لاکھ روپے سے زیادہ کیش لین دین کرتے ہوئے پکڑے جانے پر سخت جرمانہ لگایا جائے گا۔ مرکزی حکومت کے مطابق یہ جرمانہ 2 لاکھ روپے سے زیادہ کے لین دین والی رقم کے برابر ہو گا۔ یعنی کسی خریداری میں 2 لاکھ روپے سے اوپر لگی کیش رقم کے برابر جرمانہ دینا ہوگا۔