وارانسی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی معتبریت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ وارانسی کے سابق ممبرپارلیمنٹ اور 2017کا اسمبلی الیکشن لڑ چکے ریاستی کانگریس کے سینئر نائب صدر راجیش مشرا نے آج نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ای وی ایم مشینوں پر کئی سوالات اٹھائے۔
انہوں نے مرکز کی حکمراں بی جے پی کے مرکزی لیڈروں کے اشاروں پر ای وی ایم میں گڑبڑی کرکے پولنگ کو متاثر کرنے الزام لگایا اور کہا کہ وہ اس سلسلے میں جلد ہی سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔ انہو ں نے مزید کہا کہ ان مشینوں کی دیکھ ریکھ کا کام نجی کمپنیوں کو دیا گیا تھا اور کمپنی کے نمائندوں کے ذریعہ بڑے پیمانے پر گڑبڑی کرکے بی جے پی کے امیدواروں کو کامیاب کرایا گیا۔
خیال رہے کہ بی ایس پی کی صدر مایاوتی نے الیکشن کے نتائج کے رجحان آتے ہی ای وی ایم مشینوں پر سوال اٹھاتے ہوئے ان میں گڑبڑی کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ ادھر گوا اور پنجاب میں امید کے برخلاف نتائج آنے سے پریشان عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بھی آج ای وی ایم مشینوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔