نئی دہلی۔ پارلیمنٹ میں مودی کے منموہن پر حملہ سے ناراض کانگریس نے مودی سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے راجیہ سبھا میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ پر دئیے گئے رین کوٹ والے بیان پر کانگریس خاصی ناراض ہے۔ آج پارلیمنٹ میں بجٹ سیشن کے آخری دن راجیہ سبھا کی کارروائی شروع ہوتے ہی کانگریس نے اس مسئلے کو اٹھایا۔ زبردست ہنگامے کے بعد ایوان کی کارروائی 12 بجے تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔
پی ایم مودی نے بدھ کو راجیہ سبھا میں صدر کے خطاب پر جواب دیتے ہوئے منموہن پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا تھا، وہ رین کوٹ پہن کر نہانے کے فن میں مہارت رکھتے ہیں۔ یو پی اے دور حکومت میں بہت سارے گھوٹالے ہونے کے باوجود ان پر کوئی داغ نہیں لگا۔ بس یہی وہ بیان ہے جس سے کانگریس بھڑکی ہوئی ہے۔
جمعرات کو راجیہ سبھا شروع ہوتے ہی کانگریس کے رکن آنند شرما نے اندرا گاندھی کے بارے میں پی ایم کی تقریر کو بھی غلط قرار دیا اور اسے شرمناک قرار دیتے ہوئے معافی مانگنے کی اپیل کی۔ کانگریس نے پی ایم مودی سے اپنے بیان کے لئے معافی مانگنے کو کہا ہے۔ وہیں لوک سبھا میں اے آئی اے ڈی ایم کے ارکان کے ہنگامے کی وجہ سے کارروائی میں خلل پیش آیا۔
حالانکہ، پارلیمانی امور کے وزیر وینکیا نائیڈو نے ایوان میں واضح کیا کہ وزیر اعظم نے جس طرح کا بیان دیا ویسا پہلے بھی دیا جا چکا ہے۔ لہذا معافی مانگنے کا تو سوال ہی نہیں اٹھتا۔ اس کی صفائی کے بعد کانگریس ممبر پارلیمنٹ ایوان سے واک آئوٹ کر گئے۔ اس کے علاوہ یہ بھی الٹی میٹم دیا کہ مودی معافی مانگیں نہیں تو انہیں ایوان میں بولنے نہیں دیا جائے گا۔