پیرس۔ فرانس میں صدارتی انتخابات کے پیش نظر لی پین نے انتخابی منشور جاری کر دیا۔ فرانس میں دائیں بازو کی سخت گیر رہنما اور نیشنل فرنٹ کی امیدوار ماری لی پین نے ملک میں اس سال 23 اپریل کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے لئے آج اپنا منشور جاری کرتے ہوئے گلوبلائزیشن اور سخت گیراسلام پر نشانہ لگایا۔لی پین نے فرانس کے مشرقی شہر لیون میں اپنے حامیوں سے کہا کہ گلوبلائزیشن آہستہ آہستہ کمیونٹیز کا گلا گھونٹ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کا ملک ہے اور اگر وہ الیکشن میں کامیاب ہوتی ہیں تو تن تنہا ہی سخت گیر اسلام سے اپنے ملک کا دفاع کر سکتی ہیں۔ لی پین کی پارٹی نے یورپی یونین میں فرانس کی رکنیت پر ریفرنڈم کرانے کا وعدہ کیا ہے ۔
واضح رہے کہ موجودہ صدر اور سوشلسٹ لیڈر فرانسوا اولاند دوسری بار صدر بننا نہیں چاہتے ہیں اس لئے وہ الیکشن نہیں لڑیں گے ۔ نیشنل فرنٹ کی رہنما امریکہ میں ڈولڈ ٹرمپ کے الیکشن اور بریگزٹ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش میں ہیں۔ تاہم اوپینیئن پول میں ایسا مانا جا رہا ہے لی پین پہلا راؤنڈ تو جیت جائیں گی لیکن دوسرا نہیں۔نیشنل فرنٹ کو فرانسیسی لوگوں کی پارٹی قرار دیتے ہوئے لی پین نے کہا کہ وہ آزاداور جمہوری ملک چاہتی ہیں۔ انہوں نےکہاکہ وہ یورپی یونین میں فرانس کی رکنیت کے لئے ایک بار پھر سے شرائط لگائیں گی اور اگر اس میں ناکام رہیں تو پھر لوگوں کو ریفرینڈم کا متبادل مل جائے گا۔