نئی دہلی : اکرام الحق پیشہ سے ایک انجینئر ہیں اور ان کا مقصد ہے کہ گلی محلے کے بچے بھی ان کی طرح ہی انجینئربنیں۔ مشن تعلیم کے تحت اس کے لئے وہ خود اپنا لیپ ٹاپ لے کر گلی گلی گھوم رہے ہیں۔
گلی گلی اس لئے نہیں گھومتے ہیں کہ جہاں بچے مل جائیں وہیں پڑھانے لگیں، بلکہ اس لئے کہ اسکول جانے کے قابل بچوں کے داخلہ فارم آن لائن بھرے جاسکیں۔ اکرام الحق ای ڈبلیو ایس اسکیم کے تحت جگہ جگہ کیمپ لگا کر بچوں کے آن لائن فارم بھروا رہے ہیں۔
اکرام الحق جیسے اور بھی لوگ مشن تعلیم سے وابستہ ہیں۔ دہلی حکومت کی ای ڈبلیو ایس اسکیم کے تحت مشن تعلیم دہلی کی الگ الگ جگہوں پر جا کر غریب اور ایسے لوگوں کی مدد کرتا ہے ، جو اسکیم کے تحت آن لائن داخلہ فارم نہیں بھر سکتے ہیں۔ مشن تعلیم پہلے ایک بیداری کیمپ لگا کر ایسے لوگوں کی نشاندہی کرتا ہے اور پھر لیپ ٹاپ اور دیگر ضروری چیزوں کے ساتھ وہاں کیمپ لگاکر فارم بھرواتا ہے۔
کیمپ میں بچوں کے آن لائن فارم بھرے جاتے ہیں۔ حال ہی میں مشن تعلیم نے يمناپار میں موہن نگر، نارتھ گوہنڈا، جمنا وہار، سبھاش محلہ ، زینت پارک اور مومن چوک سمیت درجنوں علاقوں میں کیمپ لگا کر غریب بچوں کے آن لائن فارم بھروائے۔ اکرام الحق نے بتایا کہ 21 جنوری کو صبح نو بجے نہرو وہار، مصطفی آباد، 12 بجے سے ڈی بلاک مصطفی آباد ، تین بجے سے چاند باغ، 22 جنوری کو صبح نو بجے سے ویلکم، 12 بجے جعفرآباد اور تین بجے كردم پور ی میں کیمپ لگا کر فارم بھرواے جائیں گے۔
دیگر علاقوں میں کیمپ کی تیاریوں کے لئے اتوار کو مشن تعلیم کی جانب سے ابو فضل انکلیو ، ٹھوکر نمبر چار پر بیداری مہم کا انعقاد کیا گیا، جہاں آئندہ دنوں میں کیمپ لگانے کی معلومات دینے کے ساتھ ہی فارم بھرنے کے لئے کیا کیا دستاویزات ضروری ہوں گے ، اس کی بھی معلومات فراہم کرائی گئی۔