ملبرن۔ آسٹریلیا میں کرسمس پر دہشتگردی کا منصوبہ پکڑا گیا ہے۔ وکٹوریا پولیس چیف گریم ایشٹن کا کہنا تھا کہ جمعے کو علی الصباح اس حوالے سے مارے گئے چھاپوں میں پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
آسٹریلیا میں پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے آئندہ کرسمس کے روز شہر ملبرن کے لیے تیار کردہ دہشتگردی کا ایک بہت بڑا منصوبہ پکڑ کت ناکارہ کر دیا ہے۔ وکٹوریا پولیس چیف گریم ایشٹن کا کہنا تھا کہ جمعے کو علی الصباح اس حوالے سے مارے گئے چھاپوں میں پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انھوں نے اس منصوبے کی تفصیلات نہیں بتائیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے میں دھماکہ خیز مواد اور ہتھیاروں کا استعمال ہونا تھا۔ انھوں نے کہا کہ منصوبے کا نشانہ شہر کے اہم مقامات فلنڈرز سٹریٹ سٹیشن، فیڈریشن سکوئر، اور سینٹ پالز کتھیڈرل تھے۔ انھوں نے کہا کہ عوام کو اب اس حوالے سے کوئی خطرہ نہیں تھا۔
گریم ایشٹن نے بتایا کہ گرفتار کیے افراد میں سے چار آسٹریلیا میں پیدا ہونے والے لبنانی نژاد آسٹریلوی شہری تھے جبکہ ایک مصری نژاد آسٹریلوی شہر تھا۔ گریم ایشٹن کا دعویٰ ہے کہ ان افراد نے خود ہی شدت پسندی اپنائی تاہم ملزمان دولتِ اسلامیہ کے پروپاگینڈا سے متاثر تھے۔
چھاپوں میں ایک اور مرد اور ایک عورت کو بھی گرفتار کیا گیا تھا تاہم بعد میں انھیں بغیر کی فردِ جرم کے رہا کر دیا گیا۔ فلنڈرز سٹریٹ سٹیشن، فیڈریشن سکوئر، اور سینٹ پالز کتھیڈرل شہر ملبرن کے معروف ترین مقامات میں سے ہیں اور یہاں سیاحوں سمیت عام شہریوں کی بڑی تعداد آتی ہے۔
اس مقام سے تھوڑے ہی فاصلے پر ملبرن کرکٹ گراؤنڈ ہے جہاں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں ایک لاکھ سائقین کی آمد متوقع ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ملبرن کرکٹ گراؤنڈ اور شہر کے دیگر مقامات پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کریں گے۔