لکھنؤ۔اترپردیش ریاستی اسمبلی کے انتخابات غیرجانب دارانہ طریقہ پرکرانے کی تیاریوں پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے نائب الیکشن کمشنر وجے دیو نے آج یہاں افسران کے ساتھ جائزہ میٹنگ کے بعد یہ اشارہ دیا کہ انتخابات کی تاریخوں کااعلان کسی بھی دن کیا جاسکتا ہے۔ وجے دیو نے مزید کہا کہ ریاستی اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے چوبیس گھنٹے کے اندر انتخابی ضابطہ اخلاق سختی سے ناقذ کردیا جائے گا اور اس میں کسی بھی طرح کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
وارانسی، الہ آباد اور کانپور سمیت ریاست میں 19دسمبر سے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد ڈپٹی الیکشن کمشنر نے آج یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ ہر ریاست میں انتخابی تیاریوں سے مطمئن ہیں۔تمام انتخابی بوتھوں پر پینے کا پانی، ٹوائلٹ او ربجلی کی سہولیات میسر ہوں گی۔انہوں نے کہاکہ اس چناؤ میں انڈین آرمی سروسز کے ووٹروں کو ای بیلٹ کی سہولت مہیا کی جارہی ہے۔ انتخابات کے دوران کسی قسم کی مجرمانہ سرگرمیوں پر متعلقہ تھانہ ایس ایچ اوذمہ دار مانا جائے گا۔ اس کے لئے کے ایک بوتھ ایپ لایا جائے گاجس میں پوری معلومات ہو گی۔وجےدیو نے کہا کہ الیکشن کی تاریخوں کا اعلان ہونے کے بعد قانون وانتظام چست درست کردیا جائے گا۔ تاریخ کے اعلان کے 24گھنٹے کے اندر شہروں سے سیاسی پارٹیوں کے بینر، پوسٹر اور ہورڈنگس وغیرہ ہٹادےئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی مانیٹرنگ کے لئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ پیڈ نیوز پر کمیشن کی سخت نظر ہوگی۔گڑبڑی والے علاقوں کی شناخت کی جائے گی اور ایسا نظم کیا جائے گا کہ الیکشن کے دوران مجرم ضلعوں میں موبائل فون کا استعمال نہ کرسکیں۔
ووٹر لسٹوں پر نظر ثانی سے متعلق معلومات فراہم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ووٹرلسٹ شائع کرنے کا کام وقت مقررہ پرپورا کرلیا جائے گا۔ اس مرتبہ افسران کو ہدایت دی گئی ہےکہ وہ اس کام میں شفافیت برتیں تاکہ ناموں کی شمولیت اور اخراجات تنازعات کے گھیرے میں نہ آئیں۔