لکھنؤ۔وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے آج کہا کہ نصف آبادی کی ترقی کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیںہے۔ انہوںنے کہاکہ خواتین نصف دنیا کی نمائندگی کرتی ہیں ۔ آدھی آبادی کی ترقی کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے ۔ سماج وادیوں نے ہمیشہ خواتین کو مساویانہ حق دلانے کی کوشش کی ہے ۔ اسی لئے خواتین کی عزت نفس ، تحفظ اور بااختیار بنانے کے لئے سماج وادی حکومت نے مسلسل ٹھوس قدم اٹھائے ہیں۔وزیراعلیٰ آج یہاں لوک بھون میں نہ صرف خواتین کو بہادری کے لئے رانی لکشمی بائی انعامات تقسیم کئے بلکہ آنندیشور پانڈے سمیت ریاست کی 7معزز ہستیوںکو یش بھارتی اعزاز سے بھی نوازا۔ اس کے علاوہ وزیرا علیٰ نے 10ضلعوںمیں اسٹیٹ ریسورس سینٹر فار ویمن اینڈ چائلڈ کا سنگ بنیاد اور سرکاری ملازمتوں کے امیدواروں کے لئے ایپ sarkaripariksha.com بھی لانچ کیا۔
وزیراعلیٰ کی موجودگی میں جنسی برابری اور خواتین کو بااختیار بنانے کی غرض سے اسٹین فورڈ یونیورسٹی کے سینٹر فار انوویشن ان گلوبل ہیلتھ اور خواتین واطفال ترقیات محکمے کے درمیان مفاہمت نامے کا تبادلہ کیا گیا۔انہوں نے مشہور پیانو نواز برائن سائیلس ، پیرا بیڈ منٹن کھلاڑی گورو کھنہ ، ادیب ڈاکٹر رام سنگھ یادو،پانچ بار انڈیا کا خطاب حاصل کرچکے وصی خان اور لوک گلو کارہ ریچا جوشی سمیت سات ہستیوں کو یش بھارتی انعام سے نوازا۔انہوںنے رانی لکشمی بائی بہادری انعام اور یش بھارتی اعزاز سے نوازی گئیں ہستیوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے یقینی ظاہر کیا کہ ان اعزازات سے ریاست کے دیگر باشندے بھی اپنے اپنے شعبوں میں اعلا کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے تحریک حاصل کریں گے ۔ سماج وادی حکومت نے سماج وادی پنشن شروع کی ہے ۔ اس اسکیم کے ذریعہ 55لاکھ غریب کنبوں کو ماہانہ 500روپئے کی اقتصادی مدد مہیا کرائی جارہی ہے ۔حکومت کی جانب سے شر وع کی گئی 1090ویمن پاور لائن نے خواتین میں تحفظ کے جذبے کو مستحکم کیا ہے ۔ یہ اسکیم ملک کے لئے ایک مثال ہے ۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ بلیک منی ، بدعنوانی وغیر جن مقاصد کے لئے نوٹ بندی شروع کی گئی تھی وہ ناکام رہی ہے ۔ نوٹ بندی سے عوام کو کافی مشکلوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ معیشت کافی پیچھے چلی گئی ہے ۔ دیہی علاقوںکی بینک شاخوں میں ابھی تک پیسہ نہیں ملتا۔پروگرام کو وزیراعلیٰ کے چیف ایڈوائزر آلوک رنجن اور یش بھارتی سے اعزاز یافتہ رام سنگھ یادو نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں پرنسپل سکریٹری خواتین اور اطفال ترقیات رینوکا کمار نے وزیراعلیٰ سمیت سبھی کا شکریہ ادا کیا ۔