نئی دہلی : نوٹ بند کرنے کے اعلان پر کانگریس نے پی ایم مودی پر نشانہ سادھا ہے۔ کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کے 500 اور 1000 روپے کے نوٹ بند کرنے کےاعلان کو عام لوگوں کے لئے مصیبت قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ بغیر تیاری کے نیا نظام نافذ کرنے کے وزیر اعظم کے اعلان نے عام آدمی کو ایسے بحران میں دوچار کردیا ہے جس کا حل حکومت کے پاس بھی نہیں ہے۔
کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجےوالا نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ حکومت اگر کالا دھن اور بدعنوانی روکنے کے لئے کارگر اور بامعنی قدم اٹھاتی ہے تو کانگریس اس کی تہہ دل سے حمایت کرے گی لیکن حکومت نے جس طرح سے بغیر تیاری کے نوٹ بند کرنے کا قدم اٹھایا ہے اس سے لوگوں کے سامنے اچانک بحران پیدا ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیوہار کے موسم اور شادی بیاہ کے دن سامنے ہیں۔ حکومت کےاچانک 500 اور 1000 کے نوٹ بند کرنے کے اعلان سے تہوار منانے والوں اور اپنے بچوں کی شادی کی تیاری میں مصروف لوگوں پر ایسا بوجھ لاد دیا گیا ہے جو کبھی ٹھیک نہیں ہو گا۔اس سے لوگوں کے سامنے بحران پیدا ہو گیا ہے۔ بینکوں سے لین دین کو محدود کر دیا گیا ہے اور لوگ اب کچھ ہی ہزار روپے نکال سکیں گے۔اس نظام سے ان لوگوں کے لئے بھاری بحران پیدا ہو گیا ہے جن کے بچوں کی شادی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے بیرون ملک سے کالا دھن واپس لانے کی بات کرنے والے مسٹر مودی یہ وعدہ پورا کرنے میں ناکام رہے ہیں اور شاید اسی لئے وہ اس طرح کا قدم اٹھا رہے ہیں۔