عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہونے والے خودکش بم دھماکے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
سومریہ نیوز ایجنسی کے مطابق خودکش بم کا یہ دھماکہ وسطی بغداد کے علاقے القادسیہ میں ہوا جس میں کم سے کم چھے افراد شہید اور اکیس زخمی ہوگئے۔ بعض خبروں میں کہا گیا ہے کہ خودکش بم کا یہ دھماکہ عزاداروں کے درمیان ہوا ہے۔ ہفتے کے روز بھی ایک خودکش بمبار نے بغداد کے علاقے الشعب میں مجلس عزا کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا جس کے نتیجے میں پینتیس عزادار شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ دہشت گرد گروہ داعش نے آج اور گزشتہ روز ہونے والے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ دہشت گرد گروہ داعش نے جون دوہزار چودہ میں عراق کے بعض شہروں میں بڑی تیزی کے ساتھ پیشقدمی کرتے ہوئے قبضہ کرلیا تھا لیکن رواں سال کے دوران متعدد اہم علاقے اس کے ہاتھ سے نکل گئے ہیں۔عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں کے ہاتھوں پے در پے ہزیمت اٹھانے کے بعد داعشی دہشت گردوں نے عراق کے دیگر شہروں میں عام شہریوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔