جموں: پاکستان نے جنگ بندی کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے راجور ی ضلع کے نوشیرا سیکٹر میں کنٹرول لائن پر آج بلا اشتعال فائرنگ کی۔وزارت دفاع کے ترجمان نے یہاں کہا کہ ‘پاکستان نے آج صبح پانچ بجے سے نوشیرا سیکٹر میں تین مقامات پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔’ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے چھوٹے ہتھیار، خودکار ہتھیار اور مورٹار استعمال کئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ‘ہماری فوج نے بھی ان کا مناسب جواب دیا اور آخری رپورٹ ملنے تک کسی کی ہلاکت یا زخمی ہونے کی کوئی خبر نہیں ہے ۔خیال رہے کہ کل پونچھ ضلع میں کنٹرول لائن پر پاکستان کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں تین خواتین سمیت کم از کم پانچ سویلین زخمی ہوگئے تھے جب کہ گولہ باری کی وجہ سے آگ لگنے سے ایک درجن سے زائد دکانیں جل کر خاک ہوگئیں۔اخنور، پالن والا اور چناب سیکٹروں میں سرحدسے ملحق 45 گاوں کے تقریباً پچاس ہزار افراد نے اپنی جان بچانے کے لئے اپنا گھر بار چھوڑ کرضلع انتظامیہ کی طرف سے تیار کردہ تمام سہولیات سے لیس راحتی کیمپوں میں پناہ لے رکھی ہے ۔درے اثنا جموں کے ڈپٹی کمشنر نے یہاں بتایا کہ تقریباً پندرہ اسکولوں میں ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں تاکہ سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے لوگوں کو وہاں رکھا جاسکے ۔راجوری ضلع میں بھی ایسے 72 محفوظ مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں فائرنگ کے دوران لوگوں کو محفوظ پناہ گاہ فراہم کی جاسکتی ہے ۔