یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کی وحشیانہ بمباری میں تین بچوں سمیت متعدد عام شہری شہید اور زحمی ہو گئے ہیں۔
یمنی ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے دارالحکومت صنعا کے علاقے باقم کے رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں تین بچوں سمیت پانچ عام شہری شہید ہوگئے۔
سعودی اتحاد کے طیاروں نے تعزہ شہر میں بھی ایک سرکاری عمارت کو نشانہ بنایا ہے۔ یمن کے شہر مرزق ، حرض، عبس، اور صوبہ تعز کے ضلع جند پر بھی سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے کئی بار بمباری کی ہے۔ ان حملوں میں ہونے والے جانی نقصان کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے نہم کے علاقے پر سعودی اتحاد کے حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔ اس کارروائی میں سعودی اتحاد کے درجنوں کرائے کے فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
ایک اور اطلاع کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سعودی عرب کے سرحدی شہر نجران کے اطراف کی متعدد پہاڑیوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ اس پیشرفت کے نتیجے میں سعودی عرب کا شہر نجران یمنی فوج کے نشانے پر آ گیا ہے۔