ایمنیسٹی انٹرنیشنل کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شام میں زیر حراست افراد پر مبینہ طور پر جیلوں میں تشدد اور ریپ کے باعث چار برس میں تقریباً 18 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیم کی رپورٹ کے مطابق سرکاری جیلوں میں ہونے والی یہ ہلاکتیں سنہ 2011 سے 2015 کے درمیان
ہوئی ہیں۔ ایمنیسٹی کا کہنا ہے کہ اس کی رپورٹ میں 65 کے قریب ان افراد کے انٹرویو شامل ہیں جنھیں خود ’تشدد کا سامنا کرنا پڑا تھا،‘ اور انھی نے حراستی مراکز اور جیلوں میں ہونے والے خوفناک پرتشدد واقعات کے بارے میں بتایا ہے۔ تنظیم نے عالمی برادری سے درخواست کی ہے کہ وہ شام پر تشدد کا استعمال ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈالیں تاہم شامی حکومت مسلسل ان الزامات کو مسترد کرتی رہی ہے۔ ایمنیسٹی کی جانب سے یہ رپورٹ جمعرات کے روز شائع کی گئی ہے جس کا نام ’اٹ بریکس دا ہیومن‘ ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق مارچ 2011 سے 2015 کے درمیان شامی صدر بشار الاسد کے خلاف بغاوت کے آغاز کے بعد سے 17723 سے زائد قیدی ہلاک ہو چکے ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس تناسب سے ہر روز دس اور ہر ماہ تین سو کے قریب لوگ مر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق خواتین قیدیوں کو مرد محافظوں کی جانب سے ریپ اور جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ اکثر قیدیوں کو جیلوں میں آنے کے بعد محافظوں کی جانب سے شدید تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے جسے ’استقبالیہ پارٹی‘ کہا جاتا ہے۔
ادارے کے مطابق: ’اس کے بعد اکثر ’تلاشی کا عمل‘ شروع ہوتا ہے جس کے دوران خاص طور پر خواتین کو مرد محافظوں کی جانب سے ’ریپ اور جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔‘ ایک قیدی ثمر نے ایمنیسٹی کو بتایا: ’وہ ہمارے ساتھ جانوروں جیسا برتاؤ کرتے تھے، وہ جہاں تک ممکن ہو لوگوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کرتے ہیں۔‘ ثمر نے مزید بتایا کہ ’میں نے خون یوں بہتے دیکھا، جیسے کوئی دریا ہو۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ انسانیت اس قدر گر جائے گی۔ ہمیں کبھی بھی کہیں بھی مارنے میں انھیں کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔‘ ایک اور قیدی زیاد (فرضی نام) نے بتایا کہ کیسے خفیہ ایجنسی کے حراستی مرکز میں ہوا بند ہونے سے ایک ہی دن میں سات افراد ہلاک ہوگئے۔ زیاد نے بتایا کہ ’انھوں نے ہمیں لاتیں مارنا شروع کر دیں تاکہ یہ دیکھ سکیں کہ کون مر گیا ہے اور کون زندہ ہے۔‘
ایمنیسٹی کا کہنا ہے کہ اس کی رپورٹ 65 قیدیوں کے انٹرویوز پر مشتمل ہے
ایمنیسٹی انٹرنیشنل کے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے ڈائریکٹر فلپ لوتھر کا کہنا ہے کہ ’کئی دہائیوں تک شام کی حکومتی فورسز اپنے مخالفین کو ختم کرنے کے لیے تشدد کا استعمال کرتی رہی ہیں۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’آج کل اسے کسی بھی ایسے شخص جس پر حکومت کی مخالفت کا شبہ ہو، اس کے خلاف ایک نظام کے طور پر عام شہریوں پر حملے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ اس سے انسانیت کے خلاف جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے۔‘ ایمنیسٹی اور دیگر انسانی حقوق کے اداروں کا کہنا ہے کہ ان الزامات پر عالمی برادری کی جانب سے بات کی جانی ضروری ہے۔ خاص طور پر امریکہ اور روس جو شام کے تنازعے پر امن مذاکرات میں شامل ہیں۔