امبیڈکر نگر:اترپردیش میں امبیڈکر نگر کے اہیرولی علاقے میں ایک بند رائس مل سے پولیس کی ٹیم نے چھاپہ مار کر چار افراد کو گرفتارکیا اور 1400پیٹی شراب ضبط کی۔پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ اطلاع ملی تھی کہ سوناواں کے رہنے والے سریش سنگھ کی گا¶ں میں بند بڑی رائس مل میں غیر قانونی طریقے سے نقلی شراب بنانے کا کاروبار چل رہا ہے ۔اس پر کل رات گورکھپور اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف )اور اہیرولی پولیس کی مشترکہ ٹیم نے چھاپہ مارکر رائس مل سے 1400پیٹی غیر قانونی شراب،70ڈرام اسپرٹ اور کئی کمپنیوں کے ریپر ،ہولوگرام اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کرکے موقع سے سریش سنگھ ،ہیرہ لال ،سنیل کمار اور وکاس کو گرفتار کرلیا۔انہوں نے بتایا کہ سریش سنگھ کو رائس مل کے دھندے میں نقصان ہونے کی وجہ سے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مل میں نقلی شراب بنانے کا کام شروع کردیا تھا۔پولیس نے معاملہ درج کرکے فیکٹری کو سیل کردیا ہے ۔