شاملی : اکھل بھارتیہ سنت کونسل کے قومی کنوینر میں یتی نرسنهانند سرسوتی جی مہاراج نے کہا ہے کہ آئندہ 10 سالوں میں ہندوستان مسلمانوں کا ملک بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں ہندوؤں کی آبادی کم ہوئی، وہاں ملک کا بٹوارہ ہوا۔ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے سرسوتی جی مہاراج نے کہا ہے کہ ہندو سماج زیادہ بچے پیدا کریں ، تبھی ملک کا بھلا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3 اور 4 ستمبر کو غازی آباد کے ڈاسنا میں خواتین کی دھرم سنسد ہوگی، جس میں یہ معاملہ اٹھایا جائے گا۔
اکھل بھارتیہ سنت کونسل کے قومی کنوینر شاملی میں ایک پرائیویٹ پروگرام میں حصہ لینے آئے تھے۔ انہوں نے شاملی میں منعقد ہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ آج سے 10 برس کے بعد ہندوستان مسلمانوں کا ملک بن جائے گا، کیونکہ جس طرح سے ملک میں ہندوؤں کی تعداد کم ہورہی ہے اور مسلمانوں کی تعداد بڑھ رہی ہے ، یہ تشویش کا موضوع ہے۔
مہاراج جی نے مزید کہا کہ دس سال کے بعد جمہوریت ختم ہو جائے گی اور جہاد کا راج ہو گا۔ لہذا اس معاملہ پر ہم سب کو ہوشیار رہنا چاہئے اور زیادہ سے زیادہ بچے پیدا کرنا چاہئے۔اسی سلسلے میں 3 اور 4 ستمبر کو ڈاسنا غازی آباد میں خواتین کی دھرم سنسد ہوگی ، جس میں یہ معاملہ اٹھے گا ۔ ساتھ ہی ساتھ نرسنهانند نے گئو ركشا کے معاملہ پر وزیر اعظم مودی کے بیان کی بھی مذمت کی۔